واشنگٹن (11 مئی 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے براک اوباما پر تنقید کی جبکہ ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکا اور باقی دنیا کے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ایران 47 سال سے امریکا اور باقی دنیا کے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے، براک اوباما نے اس کو نئی زندگی دی اور اتحادیوں کو نظر انداز کیا، سابق امریکی صدر تہران کیلیے نہ صرف اچھا تھا بلکہ بہت اچھا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ براک اوباما نے ایران کو 1.7 ارب ڈالر نقد دیے، ایرانی حکام نے اتنی بڑی رقم پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی، ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ میں ہر بینک کو خالی کر دیا گیا تھا، یہ اتنا پیسہ تھا کہ ایرانی ٹھگوں کو اندازہ نہیں تھا اس کا کیا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا افزودہ یورینیم ملبے تلے دبا ہوا ہے ہم وہاں پہنچیں گے، ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ ایران نے اتنے پیسے کبھی نہیں دیکھے تھے اور نہ آئندہ دیکھیں گے، پیسوں کو سوٹ کیسز اور تھیلیوں میں جہاز سے اتارا گیا، ایرانیوں کو اپنی قسمت پر یقین نہیں آیا کہ اتنا بے وقوف امریکی صدر ملا ہے، براک اوباما ہمارے لیے بڑی تباہی تھا پر اتنا نہیں جتنا جوبائیڈن (سابق امریکی صدر) تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 47 سال سے ایرانی ہمارے ساتھ کھیل رہے تھے، یہ ہمارے لوگوں کو سڑک کنارے بموں سے مار رہے ہیں، ایران میں حالیہ مظاہروں میں 42 ہزار بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا، ایرانی ہمارے ملک پر ہنستے رہے لیکن اب نہیں ہنسیں گے۔



