اسلام آباد (10 مئی 2026): شدید دھند اور بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول (فلائٹ آپریشن) شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر طیاروں کو رن وے پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث متعدد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے جس کے سبب ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 574 کو سیالکوٹ اتار لیا گیا۔
اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شارجہ سے اسلام آباد آنے والی ایئر بلیو کی پرواز کو موسم خرابی کے باعث لینڈنگ کی اجازت نہ ملی۔
ذرائع کے مطابق شارجہ سے آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو بھی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا جبکہ کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی فلائنگ جناح کی پرواز کو سیالکوٹ ایئرپورٹ اتار لیا۔
مزید پڑھیں : کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی ایف 125 خراب موسم کے باعث فضا میں آدھے گھنٹے تک ہچکولے کھاتی رہی۔
کپتان نے خراب موسم کے باعث پرواز کو اسلام آباد نہ لے جانے کا فیصلہ کیا اور طیارے کو بحفاظت سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈ کروا لیا۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد مسافروں نے ایئر سیال کی پرواز میں مزید سفر سے انکار کر دیا جب کہ نجی ایئر لائن نے سفر پر اصرار کیا۔



