spot_img

ذات صلة

جمع

بنوں میں عمارتیں منہدم : 4 افراد جاں بحق، دولہا سمیت 40 زخمی

بنوں : موسلا دھار بارش نے بنوں میں تباہی مچادی، عمارتیں منہدم، چار افراد جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر دولہا سمیت چالیس افراد زخمی ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز بنوں کے نمائندے احسان خٹک کی رپورٹ کے مطابق ضلع بنوں میں جاری موسلا دھار بارش کی وجہ سے دو مختلف مقامات پر عمارتیں گرنے کے افسوسناک واقعات رونما ہوئے جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر چالیس افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پہلا واقعہ تھانہ صدر کی حدود کوٹکہ غلام قادر کے علاقے میں مسجد کے ساتھ کمیونٹی سینٹر(برآمدہ) اس وقت اچانک منہدم ہوگیا جب شادی میں آئے کچھ نوجوان بارش سے بچنے کیلئے وہاں پناہ لیے ہوئے تھے۔

چھت گرنے کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکال کر مقامی اسپتال منتقل کیا۔ واقعے میں دلہا خالد بھی شدید زخمی ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور خلیفہ گل نواز اسپتال میں دو افراد کی لاشیں اور 39زخمی لائے گئے ہیں۔

اسی طرح دوسرا واقعہ بنوں کے علاقے آخوندان ممہ خیل میں پیش آیا، جہاں شیر والی خان نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین بچے ملبے تلے دب گئے جس میں دو بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا، تاہم دونوں واقعات میں مجموعی طور پر چار بچے جاں بحق جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے۔

spot_imgspot_img