spot_img

ذات صلة

جمع

کے پی کابینہ نے ہیلتھ پالیسی 2026 منظوری دے دی

پشاور (8 جولائی 2026): خیبرپختونخوا کابینہ نے ہیلتھ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی، صحت کارڈ میں او پی ڈی کی سہولت، ٹیلی میڈیسن، آئی سی یو اور برن سینٹرز کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

کابینہ کے فیصلوں کے مطابق نئی ہیلتھ پالیسی کے تحت صحت کے نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو مزید فعال بنانے اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کو وسعت دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ پالیسی کے تحت بنیادی مراکز صحت، زچہ و بچہ کی نگہداشت اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

کابینہ نے صحت کارڈ کے تحت او پی ڈی سہولت کا دائرہ کار بڑھانے، اسکول ہیلتھ سروسز کے آغاز، آئی سی یو، سی سی یو، ٹراما اور برن سینٹرز کے قیام، ٹیلی میڈیسن، پالی ایٹو کیئر اور جیریاٹرک میڈیسن کے فروغ کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی دور کرنے کے لیے جامع اقدامات، ادویات اور ویکسین کی مسلسل دستیابی، بیماریوں کی نگرانی کے مؤثر نظام، جبکہ پانی، صفائی، غذائیت اور موسمیاتی تبدیلی کو بھی ہیلتھ پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

صوبائی کابینہ نے پیشہ ورانہ تحفظ و صحت قواعد 2026 کی بھی منظوری دی، جن کے تحت اداروں میں محفوظ اور صحت مند کام کا ماحول یقینی بنایا جائے گا۔

نئے قواعد کے مطابق 50 سے زائد ملازمین والے اداروں میں سیفٹی اینڈ ہیلتھ نمائندے جبکہ 100 سے زائد ملازمین رکھنے والے اداروں میں اہل سیفٹی اینڈ ہیلتھ افسران کی تعیناتی لازمی ہوگی۔

ملازمین کی حفاظتی تربیت، ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات بھی لازمی قرار دیے گئے ہیں۔

اجلاس میں ذاتی رجسٹریشن نمبروں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موٹر وہیکلز قوانین میں ترامیم، کرین پرندوں اور ان کے قدرتی مسکن کے تحفظ کے لیے انٹرنیشنل کرین فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)، صفوت غیور شہید میموریل ہسپتال کی توسیع اور ضلع خیبر میں ایکسائز پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے جمرود کمپلیکس کی اراضی منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے ہیلتھ پالیسی میں مرحوم ڈاکٹر خورشید عالم کے خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے کے خصوصی امدادی پیکج، ضلع باجوڑ کے اقبال خان کی زیر علاج بیٹی کے علاج کے لیے 35 لاکھ روپے کی مالی معاونت اور بلوچستان کے بس حادثے کے متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکج کی بھی منظوری دی۔

spot_imgspot_img