اسلام آباد (21 فروری 2026): وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے آئندہ ہفتے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے اہم بیان دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ آئندہ ہفتے میں عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات کا چانس ہو سکتا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے وزیر مملکت عقیل ملک کا اہم بیان
وزیر مملکت نے کہا کہ ہو سکتا ہے آئندہ ہفتے بانی پی ٹی آئی سے بیر سٹرگوہر کی ملاقات ہو جائے، غیر سیاسی ملاقات اور جیل مینول کے مطابق ملاقات ہو تو زیادہ بہتر ہوگا۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود اچکزئی کی ملاقات کا بھی امکان ظاہر کیا کہ دونوں کی ملاقات ماہ رمضان میں ہو سکتی ہے۔
وزیر اعظم سے اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کا امکان
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں وزیر اعظم شہباز شریف سے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی ملاقات ہو سکتی ہے۔
پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے بہن کی ہی سب سے زیادہ ملاقاتیں ہوئی ہیں، جب جب بہن کی ملاقاتیں ہوئیں اس کو سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کیا گیا، بہن نے ملاقاتوں کو اداروں کو ٹارگٹ کرنے کیلیے استعمال کیا، آج بہن خود کہہ رہی ہیں کہ اداروں کے خلاف بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہن رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپرنٹنڈنٹ کو حلف نامہ دیں کہ ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوگی، ہم سمجھتے تھے کہ عظمیٰ خان غیر سیاسی ہوں گی لیکن آخری ملاقات کے بعد وہ سب سے زیادہ سیاسی نکلیں۔



