لاہور : سیف سٹی کے عملے نے لڑکی کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی ہراسانی کی شکایت پر جدید ٹیکنالوجی کے تحت کارروائی کرکے ملزم کو فوری گرفتار کرلیا۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے جدید کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کی مدد سے لڑکی کو ہراساں کرنے کے واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ ملزم کی گرفتاری کو یقینی بنایا۔
ہراسانی کی شکار ایک 16 سالہ لڑکی نے سیف سٹی کی نیکسٹ جنریشن سیفٹی ایپ کے (Anonymous Chat) اینونیمس چیٹ فیچر کے ذریعے بتایا تھا کہ ایک لڑکا اسے مسلسل ہراساں اور بلیک میل کر رہا ہے اور بات نہ ماننے کی صورت میں اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور خودکشی کرنا چاہتی ہے۔
سیف سٹی کے ماہرِ نفسیات نے مسلسل کونسلنگ کے بعد لڑکی کا اعتماد بحال کیا اور اسے یقین دلایا کہ اس کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
اعتماد حاصل ہونے پر لڑکی نے اتھارٹی کو ملزم کی تفصیلات فراہم کیں جس پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، عملے کی جانب سے متاثرہ لڑکی کو ہر ممکن قانونی اور نفسیاتی معاونت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اگر آپ بھی ہراسانی، بلیک میلنگ یا ذہنی دباؤ کا شکار ہیں تو نیکسٹ جنریشن سیفٹی ایپ کے (Anonymous Chat) گمنام چیٹ فیچر کے ذریعے فوری اور محفوظ مدد حاصل کریں۔
’’خواتین اور بچوں کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے والوں کی اب خیر نہیں‘‘، حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا



