شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کی جانب سے ہمیں دباؤ ڈال کر خاموش نہیں کروایا جاسکتا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مومنہ اقبال نے بہن رمشا اقبال کی میڈیا سے گفتگو شیئر کی اور لکھا کہ ہم اب صرف اپنے لیے نہیں کھڑے ہم اس معاملے پر ہر ایک کے لیے کھڑے ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ کچھ لوگوں کی طرف سے کتنا ہی دباؤ کیوں نہ ڈالا جائے ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو کچھ کیا جارہا ہے وہ انتہائی مشکل ہے لیکن ہمیں خاموش نہیں کروایا جاسکے گا۔
یہ پڑھیں: اداکارہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کیس نیا رخ اختیار کرگیا
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر مزید لکھا کہ پیسے دے کر چلائی جانے والی مہمات اور ٹک ٹاک بنانے کے بجائے حقیقت پر توجہ دیں اور جھوٹی قانونی چارہ جوئی بند کریں۔
میڈیا سے گفتگو میں اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں بہنوں کو ڈرایا اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
یاد رہےکہ اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال، حمزہ حبیب کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔



