کویت سٹی : فوڈ ڈلیوری سروسز کی فیس اور کمیشن سے متعلق کویتی وزارتِ تجارت نے نیا حکم نامہ جاری کردیا، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیرِ تجارت و صنعت خلیفہ العجیل نے وزارتی قرارداد نمبر 10/2026 جاری کرتے ہوئے ریستوران اور تیار کھانوں کی ڈلیوری سے متعلق باقاعدہ ضوابط نافذ کر دیے ہیں۔
اس فیصلے کا مقصد تیزی سے پھیلتے ہوئے شعبے میں قیمتوں کو منظم کرنا، منصفانہ مقابلے کو فروغ دینا اور صارفین کے حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق جاری کردہ قرارداد میں آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فوڈ ڈلیوری فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے جامع رہنما اصول متعین کیے گئے ہیں۔
لائسنس سے متعلق شرائط
قرارداد کی شق نمبر 1 کے مطابق نئے قواعد کا اطلاق پورے شعبے پر فوری طور پر ہوگا اور تمام متعلقہ اداروں کو ان پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
شق نمبر 2 میں ہدایت کی گئی ہے کہ الیکٹرانک فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم چلانے والی تمام لائسنس یافتہ کمپنیوں کو اپنی سرگرمیوں کو نئے قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
اس ضمن میں انہیں اپنے لائسنس میں ترمیم کرکے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے ڈلیوری سروس کے انتظام کو شامل کرنا ہوگا، جو منظور شدہ بین الاقوامی درجہ بندی کے مطابق ہوگا۔ کمپنیوں کو یہ عمل ضوابط کے نافذ ہونے کی تاریخ سے دو ماہ کے اندر مکمل کرنا ہوگا۔
شق نمبر 3 کے تحت سروس فراہم کنندگان اور صارفین کے درمیان موجودہ معاہدوں میں طے شدہ فیس، کمیشن اور دیگر چارجز 2026 کے اختتام تک زیادہ سے زیادہ حد تصور ہوں گے۔ معاہدے اپنی مدت تک قانونی طور پر مؤثر رہیں گے، تاہم فریقین باہمی رضامندی سے نئی پالیسی کے تحت ان میں کمی کرسکتے ہیں۔
شق نمبر 4 کے مطابق تمام لائسنس یافتہ کمپنیاں اور افراد مقابلہ تحفظ اتھارٹی کے فیصلے نمبر 1/2026 کے تحت منظور کردہ صارف ڈلیوری سروس گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے، جو اس قرارداد کا لازمی حصہ ہیں۔
شق نمبر 5 میں کہا گیا ہے کہ کمپنیاں قرارداد جاری ہونے کے ایک ماہ کے اندر اپنی سروس سے متعلق قواعد و ضوابط وزارتِ تجارت و صنعت کو جمع کرائیں گی۔
شق نمبر 6 کے تحت یہ قرارداد فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور متعلقہ حکام اپنے دائرہ اختیار میں اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ اس کے برعکس سابقہ تمام احکامات منسوخ تصور ہوں گے جبکہ قرارداد کو سرکاری گزٹ میں بھی شائع کیا جائے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فوڈ ڈلیوری کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل شعبے میں شفافیت لانے، نرخوں کو مناسب سطح پر رکھنے اور صارفین و ریستوران مالکان دونوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔



