کراچی (26 دسمبر 2025): محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کر دی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل سے بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہو سکتا ہے جس سے شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
پیشگوئی کی گئی کہ 28 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا اور 29 دسمبر کو بلوچستان اور ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گرج چمک کیساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی، الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 30 دسمبر کو کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 18 دسمبر کو محکمہ موسمیات نے 20 سے 22 دسمبر کے دوران ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑیوں پر برفباری کی پیشگوئی کی تھی جو درج ذیل ہے:
بلوچستان: کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، واشک، چاغی، خاران اور کالات میں 19 دسمبر (شام) سے 20 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری متوقع
خیبر پختونخوا: چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں 20 دسمبر (رات) سے 22 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں اور بالائی علاقوں میں درمیانی برف باری کا امکان
کشمیر/گلگت بلتستان: گلگت بلتستان (دیامر، استور، غیزر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچے، شگر) اور کشمیر (نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور) میں 20 دسمبر (رات) سے 23 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں اور درمیانی سے کچھ مقامات پر شدید برف باری متوقع
پنجاب/اسلام آباد: اسلام آباد/راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن، میانوالی، بھکر، نورپور تھل اور لیہ میں 20 دسمبر (شام) سے 21 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مری اور گلیات میں بارشوں کے ساتھ برف باری کا امکان ہے، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، ملتان، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ابر آلود موسم کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
سندھ: صوبے کے بیشتر حصوں میں 19 اور 20 دسمبر کو جزوی ابر آلود سے ابر آلود موسم متوقع، محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے، پھسلن کی صورتحال کا امکان ہے۔



