کراچی (26 مارچ 2026): شہر قائد میں مغربی سسٹم کے زیر اثر کالے بادل چھاتے ہی مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش شروع ہو گئی ہے، میٹروول، سائٹ ایریا، ناظم آباد اور اطراف میں بارش ہو رہی ہے، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، شارع فیصل، اولڈ سٹی ایریا، ٹاور، کلفٹن سی ویو، لیاری اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں اثر دکھانے لگا ہے، چمن سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے، کراچی سمیت سندھ میں آج سے 29 مارچ تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسمیات نے خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 30 مارچ تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث فلش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔



