اسلام (5 جون 2026): وفاقی حکومت نے آئندہ ہفتے کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے کمی کی گئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جو 380 روپے 78 پیسے پر برقرار ہے۔
Petrol Price Updates, Relief and Other News – ARY News
گزشتہ ہفتے یعنی 29 مئی 2026 کو وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، قوم سے وعدہ کیا تھا جیسے ہی گنجائش پیدا ہوگی ریلیف دیا جائے گا.
شہباز شریف نے کہا تھا کہ پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی، وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کیلیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو فیول پر سبسڈی دی ہے، حکومتی ریلیف اس وقت دیا گیا جب دیگر ممالک میں پیٹرول کیلئے قطاریں لگی تھیں۔

جیٹ فیول کی قیمت
16 مئی 2026 کو وفاقی حکومت نے جیٹ فیول کی قیمت میں 111 روپے 44 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی جس کے بعد طیاروں کے ایندھن کی نئی قیمت کم 330 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے ایئر لائنز کے کرایوں میں کمی کا امکان ہے، حالیہ کمی سے ایئر لائنز کو ایندھن کے اضافی اخراجات میں کمی ہوگی۔
واضح رہے کہ جیٹ فیول کی قیمت مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے سے قبل 188 روپے فی لیٹر تھی۔ ایئر لائنز حکام کا کہنا تھا کہ موجودہ قیمت تاحال زیادہ ہے۔



