کراچی (11/9/2025) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے ویزہ اور گروسری اسکیم کے نام پر لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کو حراست میں لے لیا۔
این سی آئی اے کی ٹیم نے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب فراڈ گینگ کے خلاف کارروائی کی، ملزمان ویزہ اور گروسری اسکیم کا جھانسہ دے کر عوام کو لوٹتے رہے ہیں۔
ملزمان کی جانب سے ٹیلی گرام اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے شہریوں کو ٹاسک دے کر لوٹا گیا، شہریوں کو ابتدائی سرمایہ کاری پر زیادہ منافع دینے کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔
دوران تفتیش متاثرہ خاتون کے نام پر ایک جعلی بینک اکاؤنٹ کھولنے کا انکشاف ہوا ہے ملزمان نے سادہ لوح شہریوں سے فیک ویزہ اور کمیشن کے نام پر رقوم ہتھیائیں۔
گرفتار ہونے والے ملزمان محمد عمران عرف باس، فیصل ظفر سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
ملزمان نے شہریوں کے نام پر متعدد بینک اکاؤنٹس کھول رکھے تھے۔
ملزمان لوگوں سے بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوجاتے تھے، گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، مزید انکشافات متوقع ہیں۔



