لاہور: گلشن راوی بند روڈ کے قریب ستھرا پنجاب کے 56 سالہ ملازم نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی ، پولیس نے لاش تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلشن راوی بند روڈ کے قریب ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام کے ملازم نے مبینہ طور پر بجلی کے کھمبے سے پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
متوفی کی شناخت 56 سالہ اکبر کے نام سے ہوئی ہے، متوفی لاہور کے علاقے شیرا کوٹ کا رہائشی تھا اور ‘ستھرا پنجاب’ مہم میں بطور سینٹری ورکر اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اکبر نے بند روڈ کے قریب ایک بجلی کے کھمبے کے ساتھ پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم اور دیگر ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا ہے۔ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ متوفی نے یہ انتہائی قدم کن حالات کے باعث اٹھایا۔



