کراچی : پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر برس بڑے اور کہا حکومت ریلیف کے نام پر”ڈرامے بازی” بند کرے ، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کا فائدہ منتقل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بھاری اضافے پر ملک بھر کے عوام پھٹ پڑے۔
کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شہریوں نے حکومت کے اس فیصلے پر سخت برہمی اور شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوتا ہے، حکومت سیکنڈوں میں بھاری اضافہ کر دیتی ہے، لیکن جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی ہیں تو تاخیر سے صرف چند روپے کم کیے جاتے ہیں،
عوام نے کہا کہ حکومت ریلیف کے نام پر “ڈرامے بازی” بند کرے اور عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کا فائدہ براہِ راست غریب عوام کو منتقل کیا جائے۔
گذشتہ رات حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا ، جس کے تحت پٹرول 13 روپے 18 پیسے فی لٹر مہنگا، نئی قیمت تین سو دس روپے اکہتر پیسےفی لٹرہوگئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئندہ ہفتے تک کے لیے کیا گیا ہے۔



