شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نوجوان اداکارہ عینا آصف کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
اداکارہ عینا آصف نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی اور اس دوران سینئر اداکاروں کے رویے پر اظہار خیال کیا تھا۔
عینا آصف نے کہا تھا کہ بعض اوقات سینئر اداکار نئے اداکاروں کو نظر انداز کرتے ہیں یا ان پر طنز کرتے ہیں۔
تاہم اب علیزے شاہ نے عینا کے بیان کا کلپ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے اداکار کبھی کبھار سیٹ پر آپ کی قدر نہیں کرتے یا آپ کو نیچا دکھاتے ہیں۔
یہ پڑھیں: عینا آصف نے انڈسٹری کے تلخ حقائق بے نقاب کر دیے
اداکارہ نے کہا کہ عینا آصف ہماری نسل کی بہترین اداکارہ ہیں اور انتہائی جذباتی ذہانت رکھتی ہیں، وہ ہر بات میں درست ہیں اور افسوس کہ یہ تجربہ اکثر کم عمر لڑکیوں کے ساتھ ہوتا ہے، خاص طور پر ان کے ساتھ جو شوبز کے پسِ منظر سے تعلق نہیں رکھتیں، میں ان پر فخر محسوس کرتی ہوں کہ انہوں نے یہ سب کے سامنے بیان کیا۔
علیزے نے نوجوان اداکارہ کی جرأت، ایمانداری اور سچائی کو سراہا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوان فنکاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ وہ اپنے حقوق اور تجربات کے بارے میں کھل کر بات کریں اور سینئرز کے منفی رویوں کے سامنے خاموش نہ رہیں۔



