اسلام آباد : ہوائی جہازکے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 83 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 471 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
صرف ایک ماہ کے دوران اس ایندھن کی قیمت میں مجموعی طور پر 283 روپے فی لیٹر کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ 2026 کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم مارچ کے دوران اب تک یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ اس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، جس نے فضائی صنعت پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایئر لائنز کے لیے فضائی آپریشن جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے جبکہ مسافروں کو بھی جلد ہی کرایوں میں مزید اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فضائی شعبے سے وابستہ حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو نہ صرف ٹکٹوں کی قیمتیں مزید بڑھیں گی بلکہ پروازوں کی تعداد میں بھی کمی آ سکتی ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔



