اسلام آباد (10 مارچ 2026): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے جنگی صورتحال کے بعد عوام کو ریلیف ملنے کی نوید سنا دی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر سے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں نے وفاقی بجٹ تجاویز، پاکستان کی معیشت اور ٹیکسیشن پر تبادلہ خیال کیا۔
ہارون اختر نے کہا کہ وزارت صنعت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بجٹ تجاویز مرتب کرے گی، وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں اور حکومت کے فیصلوں سے حالات میں بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 39 ارب کے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری
انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں ٹیکس سہولتیں فراہم کی جائیں گی، بجٹ تجاویز تمام اسٹیک ہولڈرز سے طلب کی جا رہی ہیں، پاکستان اس وقت علاقائی جنگوں اور ٹیکس بوجھ کے چیلنجز سے گزر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگی صورتحال ختم ہوتے ہی عوام کو ریلیف اور مراعات دی جائیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف معیشت اور عوام کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔



