بنوں (13 فروری 2026): کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مطلوب دہشتگرد کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سی ٹی ڈی بنوں فضل واحد خان نے اپنے بیان میں بتایا کہ ریجن میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس میں مطلوب دہشتگرد کمانڈر اسامہ کو گرفتار کیا گیا۔
فضل واحد خان کے مطابق اسامہ نئی دہشتگرد تنظیم کا سرگرم کمانڈر ہے، اس نے اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ پر حملے سمیت 9 بڑی کارروائیوں کا اعتراف کیا جبکہ دسمبر 2025 میں اے سی میرانشاہ پر حملے کا بھی اعتراف کیا۔
ایس پی سی ٹی ڈی بنوں نے بتایا کہ اسامہ نے سابق ایس ایچ او عابد وزیر کے اغوا اور قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا، اس نے لکی مروت امن کمیٹی کے 3 رہنماؤں کے قتل کا بھی اعتراف کیا، گرفتار دہشتگرد ایف سی اور پولیس اہلکاروں کے اغوا میں بھی ملوث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد گرفتار
انہوں نے مزید بتایا کہ اسامہ کے ہاتھوں اغوا ایک ایف سی اہلکار تاحال بازیاب نہیں ہوا، دہشتگرد پولیو افسر ملک اسحاق اور گن مین کے قتل میں بھی ملوث ہے، اس کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب، سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے علاقے پاکپتن گارڈن ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) فتنہ الخوارج کے ایک کارندے کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگرد کی شناخت آغا محمد کے نام سے ہوئی جو جنوبی وزیرستان کا رہائشی ہے، ملزم کے قبضے سے نفرت انگیز مواد، ممنوعہ کتب، انتہا پسندانہ لٹریچر، نقدی اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم شہریوں کو گمراہ کر کے انہیں کالعدم تنظیم میں شمولیت کی ترغیب دے رہا تھا، اس کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔



