کراچی (28 مئی 2026): شہرِ قائد میں نجی بینکوں کے اے ٹی ایم بوتھ کے ذریعے منشیات کی فروخت کا حیران کن انکشاف سامنے آگیا۔
درخشاں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے آن لائن آئس اور کوکین سپلائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے آئس اور کوکین سپلائی کرتے تھے اور گرفتاری کے وقت بھی گاہکوں کو منشیات فراہم کرنے کی غرض سے موجود تھے۔ ملزمان کی شناخت بیت اللہ اور زوہیب خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کالج اور یونیورسٹی طلبا کو آن لائن منشیات سپلائی کرنے والے 7 ملزمان گرفتار
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 45 گرام آئس، 3 گرام کوکین اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ منشیات فروش شاہ فہد کیلیے بطور رائیڈر کام کرتے ہیں اور ڈیفنس، کلفٹن، اسکولوں، کالجوں اور پارٹیوں میں ڈرگز سپلائی کرتے تھے۔
درخشاں پولیس کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم بوتھ کے اندر مخصوص جگہ پر منشیات رکھ کر ویڈیو بناتے تھے جو بعد میں گاہک کو بھیج دی جاتی تھی اور گاہک وہاں آ کر ڈرگز اٹھا لیتے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم براہِ راست شاہ فہد کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی تھی۔ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



