کراچی (28 مئی 2026): رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) فاروق ستار نے سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے حوالے سے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا۔
ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر بہادر آباد میں اونٹ کی قربانی کے دوران فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ کامران ٹیسوری کو دوبارہ گورنر سندھ تعینات کیا جائے۔
فاروق ستار نے واضح کیا کہ گورنر سندھ کا آئینی عہدہ ایم کیو ایم کا تھا، ہے اور رہے گا ہم اس سے دستبردار نہیں ہوں گے، بلدیاتی انتخابات سے پہلے توازن قائم کرنے کیلیے یہ عہدہ واپس لوٹانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے اعتراف کیا کامران ٹیسوری کو ہٹانا سیاسی مجبوری تھی، فاروق ستار کا دعویٰ
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کے عہدے سے کم پر بات نہیں ہوگی بجٹ میں بھی یہی مطالبہ رکھیں گے، گورنرشپ واپس لیں گے اور کامران ٹیسوری ہی دوبارہ گورنر سندھ بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کے جاگیرداروں نے ضد بنا کر مسلم لیگ (ن) کا گورنر لگوایا جس کا مقصد بلدیاتی انتخابات میں شفافیت کو روکنا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ عوام برسوں سے قربانی دے رہے اب باری مراعات یافتہ طبقے اور جاگیرداروں کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی بجٹ میں تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے، پیٹرولیم لیوی ایک غنڈہ ٹیکس اور بھتہ ہے اسے فوری ختم کیا جائے۔



