spot_img

ذات صلة

جمع

اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں موسلادھار بارش

اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد ، راولپنڈی اور لاہور میں موسلادھاربارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم کئی اضلاع میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی: جڑواں شہروں اور صوبائی دارالحکومت میں بادل جم کر برسے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

قصور، الہ آباد اور کنگن پور میں تیز بارش کے باعث جل تھل ایک ہو گیا ہے، نکاسیِ آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے گلیاں اور بازار تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دیپال پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں تمام نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

محکمہ موسمیات نے آج اور کل کے لیے ملک کے بیشتر حصوں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے ، جس میں اسلام آباد، مری، گلیات، جہلم، اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

کراچی میں سمندری ہوائیں چلنے اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل اور تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ میدانی اور شہری علاقوں کے نشیبی حصوں میں اربن فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے، جس کے پیش نظر مسافروں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

spot_imgspot_img