اکثر لوگ اپنے پیروں کی صحت کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق پاؤں میں سوجن یا درد جسم کے اندر چھپی سنگین بیماریوں کی علامت ہو سکتا ہے۔
اگر آپ کے پاؤں میں مستقل سوجن رہتی ہے، جلد کی رنگت بدل رہی ہے یا چلنے پر درد محسوس ہوتا ہے تو یہ دل کی بیماری، ذیابیطس یا اعصابی خرابی کا انتباہ ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شریانوں میں چربی کے ذخائر (ایتھروسکلروسیس) جمع ہونے سے خون کی روانی متاثر ہوتی ہے، جس کے باعث پاؤں کی جلد نیلی یا پیلی پڑ سکتی ہے اور سوجن بڑھ جاتی ہے۔
یہی نہیں، پاؤں میں مسلسل بے حسی، جلن یا جھنجھناہٹ ذیابیطس سے ہونے والے اعصابی نقصان (نیوروپیتھی) کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔
نیشنل لائبریری آف میڈیسن کے مطابق اگر پیروں میں بار بار خارش، زخم یا فنگس نظر آئے تو یہ گٹھیا یا شوگر جیسی بیماریوں سے پہلے کی نشانی ہو سکتی ہے۔ ایسے مریضوں کو خاص طور پر اپنے پیروں کا باقاعدہ معائنہ کروانا چاہیے تاکہ پیچیدگیاں پیدا نہ ہوں۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ پاؤں میں ٹھنڈک یا نیلاہٹ پیریفرل آرٹری ڈیزیز کی علامت بھی ہو سکتی ہے، جس میں ٹانگوں کو خون کی سپلائی کم ہو جاتی ہے۔
اسی طرح دل کی ناکامی کی صورت میں جسم میں ورم پیدا ہوتا ہے، جس سے پاؤں بھاری اور سوجن زدہ محسوس ہوتے ہیں۔
لہٰذا اگر پاؤں میں سوجن، خارش یا رنگت کی تبدیلی نظر آئے تو اسے معمولی نہ سمجھیں کیونکہ جسم کا یہ خاموش اشارہ کسی بڑی بیماری کی طرف اشارہ ہوسکتا ہے صرف سمجھنے کی ضرورت ہے۔



