کرناٹک : مندر لے جانے کے بہانے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار نے والے بھارتی فوجی کا راز بیوی نے مرنے سے پہلے بے نقاب کردیا۔
بھارت کی ریاست کرناٹک میں ایک ایسا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے جس نے بھارتی فوج کے ایک اہلکار کے کردار پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس نے اپنی بیوی کے مبینہ قتل کے الزام میں ایک فوجی اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مقتولہ نے موت سے قبل اپنے بیان میں شوہر پر حملے کا الزام عائد کرکے پورا معاملہ بے نقاب کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ سنجنا اور اس کا شوہر بھگوت، جو بھارتی فوج میں خدمات انجام دے رہا ہے، 26 جون کو مختلف مندروں کی زیارت کے لیے نکلے تھے۔ تحقیقات کے مطابق واپسی پر ملزم نے بھالکی کے قریب ایک سنسان مقام پر گاڑی روک کر مبینہ طور پر گاڑی میں موجود اسپینر (پانے) سے اپنی بیوی کے سر اور گردن پر متعدد وار کیے۔
![]()
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم نے خود کو معمولی زخمی کرکے پورے واقعے کو سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی، تاہم قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا۔ موقع سے گزرنے والے ایک ہوم گارڈ نے دونوں کو زخمی حالت میں دیکھ کر فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا۔
اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا سنجنا نے پولیس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ خاتون نے واضح طور پر الزام لگایا کہ اس کے شوہر نے اسپینر سے حملہ کرکے اسے قتل کرنے کی کوشش کی۔ یہی بیان بعد ازاں تفتیش کا اہم ترین ثبوت بن گیا۔
چند روز تک زیر علاج رہنے کے بعد سنجنا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جس کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے فوجی اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ملزم کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
دوسری جانب مقتولہ کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ ملزم کے ایک دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات تھے اور اسی وجہ سے اس نے اپنی بیوی کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔ اہل خانہ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس سے قبل بھی سنجنا کی جان کو خطرات لاحق تھے، تاہم ان معاملات کی باقاعدہ شکایت درج نہیں کرائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان طویل عرصے سے گھریلو تنازعات جاری تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آسکتے ہیں۔



