وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کے ایندھن بچت اور کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے وفاقی حکومت کے ایندھن بچت، کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
جمعہ کی چھٹی ختم کردی گئی ہے جبکہ سرکاری پیٹرول کی مکمل سہولت بحال کردی گئی ہے، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند کرنے کا اقدام بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 3 اور 10 جون سے نافذ بازار بند کرنے کے حوالے سے اوقات کار برقرار رہیں گے۔
دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، شادی ہالز اور تقریبات کے مراکز رات 10 بجے بند کیے جائیں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیاں، اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، بیکری، تندور، دودھ کی دکانیں اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہیں، پیٹرول، سی این جی پمپس، الیکٹرک وہیکل، چارجنگ اسٹیشنز بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
جم، اسپورٹس سہولت، آئی ٹی کمپنیز، کال سینٹرز بھی اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔ واضح رہے کہ 9 مارچ 2026 سے پہلے نافذ دیگر کفایت شعاری اقدامات بھی بدستور برقرار رہیں گے۔



