(11 جون 2026): ساؤتھ انڈین فلم اسٹار رجنی کانت کی فلم جیلر 2 کے حوالے سے سنسنی مزید بڑھ گئی۔ بولی وڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے انکار کے بعد ریتک روشن جلوہ گر ہوں گے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی جانب سے شیڈول کی مصروفیات کے باعث فلم سے دستبرداری کے بعد ریتک روشن نے کیمیو رول کیلیے حامی بھری۔ اس تازہ ترین پیشرفت نے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ اس کی وجہ نہ صرف ریتک روشن کی شمولیت ہے بلکہ یہ تقریباً چار دہائیوں بعد رجنی کانت کے ساتھ ان کے دوبارہ ایک ساتھ اسکرین شیئر کرنے کا ایک خاص موقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رجنی کانت کی نئی فلم “جیلر 2 ” کے ٹیزر نے تہلکہ مچا دیا
رپورٹس کے مطابق ریتک روشن 22 اور 23 جون کو چنئی میں اپنے حصے کی شوٹنگ کریں گے۔ اگرچہ ان کے کردار کے بارے میں تفصیلات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان کا یہ کردار محض ایک مختصر مہمان ترانی سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔
بولی وڈ اداکار فلم میں کہانی کے ایک اہم موڑ پر داخل ہوں گے اور رجنی کانت کے کردار ’ٹائیگر متھویل پانڈیان‘ کی کہانی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فلمساز ریتک روشن کیلیے ایک بالکل نئے روپ پر کام کر رہے ہیں۔ شوٹنگ سے پہلے متعدد لک ٹیسٹ کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اسکرین پر ان کے کردار کی ایک منفرد پہچان ہو۔
کاسٹنگ کی اس نئی تفصیل کا سب سے دلچسپ پہلو ریتک روشن اور رجنی کانت کا ماضی کا تعلق ہے۔ سال 1986 میں بولی وڈ اداکار نے فلم بھگوان دادا میں ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا تھا جہاں انہوں نے رجنی کانت کے کردار کے منہ بولے بیٹے کا رول ادا کیا تھا۔



