کراچی (28 مئی 2026): پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ سحر ہاشمی نے بطور فنکار مشہور ہونے کے نقصانات بتا دیے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں سحر ہاشمی نے بطور فنکار مشہور ہونے کے نقصانات پر بات کی اور بتایا کہ کس طرح ایک فنکار کی زندگی بدل جاتی ہے جب لوگ اسے جاننے لگتے ہیں۔
سحر ہاشمی نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے آپ کی ذاتی زندگی متاثر یعنی Compromise ہو جاتی ہے، اور ہمارے لیے تو جیسے کوئی صحیح یا غلط کا پیمانہ ہی نہیں رہتا۔
اداکارہ نے کہا کہ صحیح اور غلط ہمیشہ ہوتا ہے، یا تو آپ نے صحیح کیا یا پھر غلط، لیکن کوئی رعایت نہیں ملتی، کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ چلو جانے دو کوئی بات نہیں، زبان پھسل گئی ہوگی، انسان ہی تو ہے، کیا انسان کی اپنی کوئی ذاتی پسند نہیں ہوتی؟
یہ بھی پڑھیں: ’دعا ہے سحر ہاشمی کو بہترین جیون ساتھی ملے‘
انہوں نے مزید کہا کہ فنکار بہت حساس ہوتا ہے لیکن اس بات کا احساس دوسروں کو بہت کم ہوتا ہے۔
سحر ہاشمی کے خیالات کا خلاصہ یہ ہے کہ مشہور شخصیات یا فنکاروں کی ذاتی زندگی میڈیا اور عوام کی نظروں میں رہنے کی وجہ سے شدید متاثر ہوتی ہے۔
ان کے مطابق معاشرہ فنکاروں کو انسان نہیں سمجھتا اور ان کی چھوٹی سی لغزش کو بھی معاف نہیں کرتا، فنکار عام لوگوں سے زیادہ حساس ہوتے ہیں مگر دنیا ان کے اس درد کو محسوس نہیں کرتی۔



