کراچی (17 مئی 2026): مبینہ منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی حفاظت کیلیے بغدادی تھانے کے اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
انمول عرف پنکی کی حفاظت کیلیے جاری سکیورٹی پلان اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا جس کے مطابق ایک ایس پی، 2 ایس ڈی پی اوز اور 3 ایس ایچ اوز سمیت 40 اہلکار تعینات ہیں، جبکہ ملزمہ کی کڑی نگرانی کیلیے دو شفٹوں میں نفری تعینات کر دی گئی، پہلی شفٹ صبح 8 سے رات 8 بجے جبکہ دوسری رات 8 سے صبح 8 تک ہوگی۔
سکیورٹی پلان کے مطابق لیڈی پولیس اہلکاروں کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، لاک اپ اور اطراف میں لمحہ لمحہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ اطراف کی چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔
انمول عرف پنکی کو عدالت لانے لے جانے کیلیے خصوصی موبائل اسکواڈ تعینات ہے جبکہ ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنکی سے منشیات خریدنے والوں کے نام جانتا ہوں، شرجیل میمن
سکیورٹی پلان کے مطابق سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کیلیے بلٹ پروف جیکٹس فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا، جبکہ حکم نامے میں کہا گیا کہ کسی بھی غفلت یا نفری کی کمی کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔
انمول عرف پنکی کو کھانا بھی مکمل چیکنگ کے بعد ہی فراہم کیا جا رہا ہے، بجلی کی بندش سے نمٹنے کیلیے بیک اپ جنریٹر ہروقت فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بغدادی تھانے کے اطراف داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات ہے، ایس پی لیاری سب ڈویژن کو عدالت منتقلی آپریشن کی نگرانی سونپ دی گئی، ایس ڈی پی او بغدادی اور رسالہ کو موبائل اسکواڈ سمیت کمانڈ دی گئی، ایس ایچ او بغدادی، رسالہ اور گارڈن کو گراؤنڈ انچارج مقرر کر دیا گیا۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلیے فوری رسپانس ٹیمیں الرٹ ہیں، پولیس اہلکاروں کو مشکوک سرگرمی فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ملزمہ انمول عرف پنکی کی حراست کے دوران صرف مجاز افراد کو رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا، دو شفٹوں میں پولیس اور لیڈی اسٹاف کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔



