spot_img

ذات صلة

جمع

اپریل میں اتنی بارشیں کیسے ہورہی ہیں؟

کراچی میں ماہ اپریل میں ہونے والی غیر معمولی بارشوں کے موسم نے برسوں پرانا ریکارڈ بدل دیا، سعودی عرب کے خشک صحرا سے کراچی تک موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اشارے مل رہے ہیں۔

اپریل میں ہونے والی غیر معمولی بارشوں کے سبب ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی کو خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا،

انزلہ قریشی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اپریل کے مہینے میں غیر معمولی بارشوں نے موسمی ماہرین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ کراچی جیسے شہر میں جہاں یہ مہینہ عموماً گرمی کے آغاز کے طور پر جانا جاتا ہے، حالیہ بارشوں نے کئی برسوں کا موسمی ریکارڈ بدل دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اپریل میں بارشوں کی شدت میں اضافے کی بڑی وجوہات مغربی ہواؤں کا غیر معمولی طور پر متحرک ہونا، بحیرہ عرب سے نمی کی بڑھتی منتقلی، اور درجہ حرارت میں اچانک اتار چڑھاؤ ہیں۔

سرد اور گرم ہواؤں کے ٹکراؤ کے باعث طوفانی بارشیں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی دیکھنے میں آرہی ہے، جس سے زرعی شعبہ متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

موسمیاتی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ کئی برسوں میں کراچی میں اپریل عموماً خشک مہینہ رہا اور بارشیں نہ ہونے کے برابر ریکارڈ کی گئیں۔ تاہم رواں سال اپریل میں ہونے والی بارشیں معمول سے ہٹ کر ہیں، جو ماہرین کے نزدیک ایک واضح موسمی انتباہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث زمین مسلسل گرم ہو رہی ہے جبکہ بحیرہ عرب کا پانی بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ گرم ہو چکا ہے۔ اس کے نتیجے میں زیادہ مقدار میں آبی بخارات فضا میں بلند ہو کر شدید بارشوں کا سبب بن رہے ہیں۔

یہی رجحان صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ خلیجی ممالک میں بھی غیر معمولی بارشوں کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ سعودی عرب کے وہ صحرا، جو کبھی شدید گرمی اور خشک سالی کی علامت تھے، اب سیلابی پانی سے بھرے دکھائی دے رہے ہیں۔

ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ یہ تمام تبدیلیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی محض ایک نظریاتی بحث نہیں رہی بلکہ اس کے اثرات خطے میں تیزی سے نمایاں ہو رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

spot_imgspot_img