spot_img

ذات صلة

جمع

شمالی کوریا پر کوئی ملک بڑا حملہ کیوں نہیں کرتا؟

پیانگ یانگ : شمالی کوریا جوہری ہتھیار رکھنے والا ملک ہے اس کی میزائل ٹیکنالوجی اپنی مثال آپ ہے اور کم جونگ اِن کا جارحانہ رویہ بھی اس کو دیگر ممالک میں نمایاں کرتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ عالمی طاقتیں اس کے خلاف کسی بڑے فوجی اقدام سے گریز کرتی ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ شمالی کوریا پر حملہ نہ ہونے کی اصل وجہ صرف اس کی قیادت ہی نہیں بلکہ اس کے خطرناک ہتھیاروں کا وسیع ذخیرہ ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی دفاعی رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا نے ایسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم)تیار کیے ہیں جو ہزاروں کلومیٹر دور اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان میں ہواسونگ-15 اور ہواسونگ-17 جیسے میزائل شامل ہیں جو جاپان اور امریکا تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ شمالی کوریا کے پاس ہزاروں بھاری توپیں اور آرٹلری گنز جنوبی کوریا کی سرحد کے قریب تعینات ہیں۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ چھڑ جائے تو یہ ہتھیار چند منٹوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے پاس کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کا بھی بڑا ذخیرہ موجود ہے جو کسی بھی ممکنہ جنگ کو مزید خطرناک بنا سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع اور امریکی انٹیلی جنس اندازہ لگاتی ہیں کہ شمالی کوریا کے پاس ڈھائی ہزار سے پانچ ہزار ٹن تک کیمیائی ایجنٹس موجود ہو سکتے ہیں، جن میں وی ایکس نرو ایجنٹ، مسٹرڈ گیس اور دیگر مہلک کیمیکلز شامل ہیں۔

سال 2017میں ملائیشیا میں کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ کے قتل میں وی ایکس نرو ایجنٹ نامی کیمیکل کے استعمال نے دنیا کو یہ یقین دلایا کہ شمالی کوریا واقعی خطرناک کیمیائی ہتھیار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

حیاتیاتی ہتھیاروں کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں، جن میں اینتھراکس، اسمال پاکس اور دیگر مہلک جراثیم شامل بتائے جاتے ہیں، جو بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ایک اور اہم عنصر چین ہے، جو شمالی کوریا کا سب سے بڑا اتحادی سمجھا جاتا ہے، عالمی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ شمالی کوریا کے خلاف کسی بڑے حملے سے خطے میں وسیع جنگ بھڑک اٹھے، اسی لیے پیانگ یانگ کے خلاف کسی بھی اقدام سے پہلے کئی بار سوچا جاتا ہے۔

spot_imgspot_img