نئی دہلی : بھارت میں شادی سے قبل نوجوانوں میں جلد سے جلد اسمارٹ بننے کا جنون پروان چڑھنے لگا جس کیلیے مخصوص انجکشنز کا استعمال عام ہوگیا ہے۔
اکثر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے موٹاپے کے سبب پریشان دکھائی دیتے ہیں خصوصاً اپنی شادی سے قبل اسمارٹ بننے کیلیے فکرمند بھی ہوتے ہیں۔
اگر آپ کا وزن بھی جسامت اور عمر کے لحاظ سے زیادہ ہے تو یقیناً آپ بھی سمجھ گئے ہوں گے کہ کس ٹینشن کا ذکر کیا جارہا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شادی سے پہلے وزن کم کرنے کے خواہش مند نوجوانوں میں ادویات کے استعمال کا رجحان کافی حد تک فروغ پارہا ہے جو بہت تیزی سے مقبول بھی ہو رہا ہے۔
اس حوالے سے بھارت کے شہر نئی دہلی کے ایک اسکن کلینک نے ’مونجارو برائیڈ‘ نامی پیکج متعارف کروایا ہے جبکہ دیگر کلینکس بھی جلد کی دیکھ بھال اور ہیئر اسٹائل کے ساتھ وزن کم کرنے کے لیے یہی مخصوص انجیکشنز شامل کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں شادی سے پہلے لڑکے اور لڑکیوں کی بڑی تعداد وزن کم کرنے والی ادویات خصوصاً ’مونجارو‘ کے بارے میں معلومات اور نسخے حاصل کرنے کے لیے ڈاکٹروں سے رجوع کر رہی ہے۔
یہ دوا بھارت میں ذیابیطس اور وزن کم کرنے دونوں مقاصد کے لیے دستیاب ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اب اس کی طلب ’ویگو وی‘ سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔
بھارتی سرجن راجت گوئل کے مطابق ہمیں موٹاپے سے نجات کے انجیکشنز کے حوالے سے آنے والی 20فیصد سے زائد درخواستیں ان افراد کی ہوتی ہیں جن کی شادیوں کی تاریخ قریب ہوتی ہے۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ آدیتی نے شادی سے قبل 10 کلو وزن کم کرنے کے لیے مونجارو استعمال کیا اس کا کہنا ہے کہ کیونکہ میں اپنی شادی کے دن غیر مطمئن نہیں ہونا چاہتی تھی جب میں نے اس کے نتائج دیکھے تو میرا اعتماد مزید بڑھ گیا۔
اسی طرح حیدرآباد کی اکشِتھا نامی لڑکی نے بھی شادی سے قبل 15 کلو وزن کم کیا اور بتایا کہ تیاریوں میں مصروفیت کے باعث ورزش اور ڈائٹ کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے انجیکشنز ایک آسان حل لگے۔
بھارت میں مونجارو کی ماہانہ قیمت تقریباً 13 ہزار سے 25 ہزار روپے کے درمیان ہے جبکہ ’ویگو وی‘ کی قیمت نسبتاً اس سے کم ہے، ماہرین کے مطابق 2030 تک بھارت میں وزن کم کرنے والی ادویات کی مارکیٹ 80 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
مزید پڑھیں : درد اور الرجی کے لئے استعمال ہونے والے یہ انجکشنز ہرگز استعمال نہ کریں
دوسری جانب مقامی دوا ساز کمپنیوں نے بھی سستے متبادل انجکشنز متعارف کرا دیے ہیں، جس کے بعد ان ادویات کے غلط استعمال کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اس سلسلے میں ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ ادویات اور انجکشنز صرف ان افراد کے لیے ہیں جو موٹاپے یا اس سے متعلق بیماریوں جیسے ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہوں اور انہیں بھی صرف ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ہی استعمال کیا جانا چاہیے۔



