کراچی (18 مارچ 2026): میرپور خاص تعلیمی بورڈ میں جعلی سرٹیفکیٹ اسکینڈل پر سندھ حکومت نے بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
جعلی سرٹیفکیٹ کے اجرا پر اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ متعدد افسران کو معطل کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر اسماعیل راہو کی ہدایت پر محکمہ بورڈز اینڈ جامعات نے کمیٹی تشکیل دی ہے جس نے میٹرک کے جعلی سرٹیفکیٹ اور امتحانی بے ضابطگیوں پر سخت ایکشن شروع کر دیا۔
سندھ یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری انکوائری کمیٹی کے کنوینر مقرر کیے گئے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو اور پروفیسر آصف علی میمن کمیٹی کے ارکان شامل ہیں۔
انکوائری کمیٹی کو ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن نے ایف آئی آر کی بنیاد پر آئی ٹی منیجر اعظم خان کو فوری معطل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنٹ محمد شاہد معطل جبکہ کنٹرولر امتحانات انور علیم خانزادہ پہلے ہی معطل ہیں۔
صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ تعلیمی اداروں میں کرپشن، جعلسازی اور میرٹ کی پامالی برداشت نہیں کریں گے، انکوائری کمیٹی کو حقائق سامنے لانے کیلیے مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ ملوث پائے جانے والے مزید افسران کی خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی ہوگی، تعلیمی نظام کی ساکھ بحالی اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔



