حیدرآباد : معمولی گھریلو تنازعہ نے سنگین رخ اختیار کرلیا، بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق یہ خوفناک واقعہ بھارتی حیدرآباد کے ضلع کاماریڈی میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق گوسانگیکا کالونی کے رہائشی 28 سالہ کوڈنڈم شیواجی اور اس کی اہلیہ لکشمی کے درمیان گوشت پکانے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں بدل گئی۔
پولیس کے مطابق مقتول شیواجی رات دیر سے گھر پہنچا اور گوشت تیار نہ ہونے پر اپنی بیوی پر برہمی کا اظہار کیا، جس پر دونوں کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شور سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے اور وقتی طور پر حالات کو قابو میں کر لیا، تاہم کچھ دیر بعد دونوں کے درمیان دوبارہ تکرار شروع ہوگئی۔
اسی دوران اچانک طیش میں آکر لکشمی نے اپنے شوہر پر تیز دھار چاقو سے حملہ کردیا، جو اس کی گردن کی رگ پر لگا۔ شدید زخمی ہونے کے باعث شیواجی کو زیادہ خون بہہ جانے سے تقریباً 15 منٹ کے اندر ہی موقع پر دم توڑ گیا۔
ملزمہ لکشمی جو گھروں میں ملازمت کرتی ہے، واقعے کے بعد اپنے کمسن بچوں (پانچ اور دو سالہ بیٹیوں) کو گود میں اٹھائے روتی رہی اور اعتراف کیا کہ اس نے غصے میں آکر اپنے شوہر کو قتل کر دیا۔ اس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس کی گرفتاری کی صورت میں بچوں کی دیکھ بھال کون کرے گا۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں اس کی بیوی پر شوہر کے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



