اسکردو(5 ستمبر 2025): پاکستان کی معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ پر دیوسائی نیشنل پارک میں ایک نایاب بھورے ریچھ نے حملہ کردیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
گلوکارہ قرۃ العین بلوچ اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ دیوسائی کے کیمپنگ ایریا میں موجود تھیں، اس دوران بھورے ریچھ نے ان کے دونوں بازو پر اچانک حملہ کردیا۔
گلوکارہ کی چیخ و پکار پر قریبی افراد نے موقع پر پہنچ کر ریچھ کو بھگا دیا، جس سے ان کی جان بچ گئی، تاہم زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر آر ایچ کیو اسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب دیوسائی نیشنل پارک میں گلوکارہ کے زخمی ہونے کے بعد پرائیویٹ کیمپنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ریجنل فارسٹ آفیسر نورالدین کا کہنا ہے کہ گلوکارہ پر بھورے ریچھ نے حملہ کیا ہے، خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کے دونوں ہاتھوں پر پنچے اور دانت کے نشانات ہیں، اس واقعے کے بعد محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے دیوسائی میں پرائیویٹ کیمپنگ پر 2 ماہ کے لئے پابندی لگادی ہے۔
فارسٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں کیمپنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی کا مقصد جنگلی حیات اور انسانوں کے درمیان ممکنہ تصادم روکنا ہے، سرکاری طور پر منظور شدہ ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز پابندی سے مستثنٰی ہیں۔
View this post on Instagram



