کوئٹہ میں گیس سے بھرے باؤزر میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے تفتان میں کسٹم ہاؤس کے قریب گیس باؤزر میں آگ لگ گئی۔
آگ بجھانے کے دوران باؤزر میں دھماکا ہوا اور آگ کے بلند شعلوں نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا، دھماکے سے 4افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا۔
جائے وقوعہ پر فائربریگیڈ کی 2گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق گیس باؤزر دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر زخمی ہونے سے بال بال بچ گئے۔
مزید پڑھیں : ملتان میں گیس باؤزر پھٹنے سے بڑی تباہی ، 5 افراد جاں بحق ، 25 زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ سال ملتان کے فہد ٹاؤن کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرا باؤزر پھٹنے سے بڑی تباہی مچ گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
دھماکے کے باعث ایل پی جی باؤزر کے ٹکڑے قریبی آبادی پر بھی گرے۔ زخمیوں میں خواتین سمیت بچے بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق کنٹینر گیس لیکج کے باعث پھٹا تھا، باؤزر پھٹنے سے لگنے والی آگ نے کئی گوداموں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ واقعے میں 20 مویشی بھی ہلاک ہوئے تھے۔



