کوئٹہ: سریاب روڈ پر خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، دھماکے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مقدمے میں اقدام قتل، دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بی این پی کے جلسے کے اختتام پر لوگ پارکنگ کی جانب جارہے تھے کہ اس دوران خودکش بم دھماکا ہوا، دھماکا سابق وزیر اعلیٰ اور بی این پی سربراہ اختر مینگل کی گاڑی کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
سیکورٹی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ سی ٹی ڈی دھماکے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں : کوئٹہ میں اختر مینگل کی گاڑی کے قریب دھماکا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل دھماکے میں محفوظ رہے، دھماکا جلسہ گاہ کے باہر پارکنگ کی جگہ پر ہوا ہے۔
بعد ازاں حکومت بلوچستان نے شاہوانی اسٹیڈیم میں دھماکے کی تحقیقات کا حکم دہتے ہوئے کہا عوام افواہوں پر کام نہ دھریں، اداروں سے تعاون کریں۔



