کراچی : بہادرآباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، مددگار 15 کو فوری اطلاع ملنے پر پولیس نے ہنگامی کارروائی کرکے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بہادر آباد تھانے کی حدود موسیٰ آرکیڈ کے ایک فلیٹ میں 28ستمبر 2005کی شب 3 ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
جس کے فوری بعد پولیس افسران نے فوری کارروائی کا آغاز کیا اور رات کے سناٹے میں پولیس موبائلیں ہوٹر کی بلند آوازوں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
فلیٹ کے دروازے پر دستک کے باوجود دروازہ نہ کھلنے پر اہلکاروں نے دروازہ توڑ دیا، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے چھپنے کی ناکام کوشش کی جنہیں فوری طور پر حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا۔
تین ملزمان میں سے دو آپس میں سگے ماموں بھانجا تھے، ملزمان لاکھوں روپے مالیت کا سونا، نقدی اور قیمتی گھڑیاں لوٹ کر فرار ہونے ہی والے تھے کہ دھر لیے گئے۔
ملزمان کے قبضے سے سونے کی چوڑیاں، موبائل فون، نقدی اور بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی سمیت دو موٹر سائیکلیں اور دو عدد ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی دادی کی سہیلی کے گھر میں واردات کی تھی اس سے قبل کچھ دن تک دادی کا پیچھا کرتے ہوئے اس گھر کی ریکی کی تھی۔



