کراچی : بلال کالونی عالم پرائڈ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہونے والا سیاسی جماعت کا کارکن اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ حاجی شہزاد کے نام سے ہوئی، جو ایک سیاسی جماعت کا کارکن تھا، ابتدائی تحقیقات میں فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹڈ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ شخص 2 مسلح نقاب پوش ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، زخمی ہونےوالا شخص واٹربورڈمیں ملازمت کرتا ہے، زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا،بلال کالونی پولیس موقع پر موجود ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیوکراچی میں کارکنان پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں،
ترجمان نے ایم کیوایم پاکستان کا نیوکراچی یو سی 8 جوائنٹ یوسی انچارج محمد شہزاد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے۔
بعد ازاں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی سول اسپتال پہنچ گئے اور مقتول کے بھائی اور دیگر سے ملاقات کرکے ان سے تعزیت کی اور کہا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
نیو کراچی میں سیاسی جماعت کے کارکن شہزاد کے قتل کے حوالے سے اس کے دوست عبدالصمد نے بتایا کہ واقعہ چائے کے ہوٹل پر پیش آیا۔
شہزاد بھائی چائے پی رہے تھے، 3موٹرسائیکلوں پر نقاب پوش آئے اور اندھا دھند فائرنگ کی، واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے، شہزاد واٹر بورڈ کے ملازم اور4 بچوں کے باپ تھے۔
دوست نے بتایا کہ مقتول شہزاد شریف آدمی تھے ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، شہزاد نیو کراچی فائیو ای کے رہائشی تھے، یو سی 8 کے جوائنٹ یو سی انچارج تھے۔



