کراچی کے علاقے طارق روڈ پر ڈکیت نے بھکاری کے روپ میں شہری کو لوٹ لیا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ کے قریب ٹریفک جام میں گاڑی رکی تو ڈکیت آگیا پہلے اس نے بھیک مانگی پھر اچانک اسلحہ نکال لیا۔
ڈکیت نے اسلحے کے زور پر شہری سے نقدی اور موبائل فون چھینا اور فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کی شناخت شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ ڈکیت کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان ہوسکتی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مزید سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ دیکھا جائے گا کہ ڈکیت اکیلا ہی تھا یا اس کے ساتھی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ عید کی شاپنگ کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد طارق روڈ کا رخ کرتی ہے اور سڑک پر اکثر ٹریفک جام ہوتا ہے اور ڈکیت نے اسی دوران واردات کی ہے۔



