کراچی : شہر قائد میں آوارہ کتوں کی بہتات نے شہریوں کو شدید خوف اور ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے، صوبہ سندھ میں کتوں کے حملوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
چند روز قبل کورنگی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں مبینہ ریبیز زدہ کتے نے ایک ہی دن میں 20 سے زائد افراد کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا تھا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کراچی افضل پرویز کے مطابق کراچی کے صرف 3 اسپتالوں میں جنوری سے اب تک ریبیز کے تقریباً 50 ہزار سے زائد کیس لائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال جناح اسپتال میں18 ہزار سول اسپتال میں 16 ہزار اور انڈس اسپتال کورنگی میں 17 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیگر اسپتالوں کے اعداد و شمار اس سے مختلف ہیں۔ اس کے علاوہ رواں سال صوبے میں 22 افراد ریبیز کا شکار ہو کر چل بسے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکومت سندھ کی ترجمان سیدہ تحسین عابدی نے کتوں کی ویکسی نیشن اور ان کے خاتمے سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے مخلتف اضلاع میں 30 ہزار سے زائد آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن کی گئی ہے اور اسپتالوں اور ایمرجنسی سینٹرز میں کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود ہے، شہری ایسی کسی بھی صورتحال میں ہیلپ لائن1093 پر رابطہ کریں۔
سیدہ تحسین عابدی نے بتایا کہ کتے سے کاٹے شخص کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن پر کی جائے جس کے بعد عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر متاثرہ شخص کو ریسکیو کرے گا اور اس کا علاج سرکاری سطح پر مفت کیا جائے گا۔



