ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی خان میں چھینی گئی موٹر سائیکل کی تلاش کے لیے آنے والے افراد پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتولین موٹر سائیکل کی تلاش کے لیے آئے تو مخالفین نے فائرنگ کردی۔
تفتیشی حکام کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پروا منتقل کیا گیا۔
یہ پڑھیں: ڈی آئی خان : 2 گروپوں کے درمیان جھڑپ ، 6 افراد قتل
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد رمضان، مطیع اللہ گل زمان، پیر محمد، محمد الطاف اور رحمت شاہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں اشفاق خان اور سجاد شامل ہیں۔ حکام کے مطابق چھٹے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی۔
ایس ایچ او ثمر عباس کے مطابق اس واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ذوالفقار مروت پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دیگر ملزمان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد مزید پیش رفت متوقع ہے۔



