ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے میچز کے ٹکٹ کل بروز منگل 17 مارچ سے دستیاب ہوں گے۔
پی ایس ایل 11 کے میچز کے لیے پہلے مرحلے میں ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل دوپہر 12 بجے سے شروع ہوگی، شائقین کرکٹ پی سی بی اور کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ سے آن لائن ٹکٹ خرید سکیں گے۔
پی سی بی کے مطابق فزیکل ٹکٹ 24 مارچ سے کوریئر کمپنی کے دفتر پر دستیاب ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ کی قیمت 250 روپے سے شروع ہوگی، فیصل آباد میں جنرل ٹکٹ 300 جبکہ ملتان اور پنڈی میں 400 روپے کا ہوگا۔
یہ پڑھیں: ’پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی، نام ’ان فنیٹی‘ رکھا گیا‘
شائقین ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدنے کی اجازت ہوگی، پشاور کے کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور اسلام آباد کے میچ کے لیے فیملی انکلوژر مختص ہوگا۔
سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پشاور میں وی آئی پی فیملی زون کا ٹکٹ 2 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا، ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اسٹیڈیم کا رخ کریں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے اور میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں کھیلے جائیں گے۔



