بھکر : پنجاب سے اغوا ہونے والی 4 سالہ بچی اگلے ہی روز خیبر پختونخوا سے بازیاب کر لی گئی، پولیس نے 30 گھنٹے بعد مغوی بچی کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز بھکر کے علاقے کلور کوٹ سے اغوا ہونے والی 4 سالہ بچی زینب کو بازیاب کرا لیا گیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مغوی بچی کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے بازیاب کرایا گیا، ایس ایچ او کلورکوٹ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے لکی مروت میں کامیاب کارروائی کی۔،
ڈی پی او بھکر کے مطابق 30گھنٹے کی مسلسل کوششوں سے بچی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا، بچی کی بازیابی کیلئے میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں الگ الگ ٹیمیں بھیجی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ ڈی پی او بھکر بازیاب ہونے والی بچی زینب کو لے کر کلورکوٹ روانہ ہوگئے جہاں وہ اسے والدین کے حوالے کریں گے۔



