spot_img

ذات صلة

جمع

پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات نئی بلندیوں پر، 29 اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط

اسلام آباد (5 فروری 2026): پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے، دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کے 29 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت میرضیایوف نے آج اسلام آباد میں دستاویزات کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کی۔

ان معاہدوں میں تجارت، دفاع، زراعت، کھیل، کان کنی، geosciences، منشیات کے خاتمے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سمندری تجارت، ادویات سازی، تعلیم اور ٹیکسٹائل جیسے شعبے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، دونوں رہنماؤں نے ایک مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلیے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ازبکستان کے صدر اور ان کے وفد کو اسلام آباد میں اپنے دوسرے گھر آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے دورے پر بہت خوشی ہے، نہ صرف ازبکستان کے بہنوں اور بھائیوں بلکہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن، ترقی اور خوشحالی کیلیے شاندار کاوشوں پر نسٹ اسلام آباد کی طرف سے ازبکستان کے صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ دی گئی ہے، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کو فروغ دینے اور تجارتی اور اقتصادی روابط کے فروغ کیلیے آپ کی خدمات پر پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نشان پاکستان کا اعزاز دونوں ممالک کے قریبی برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، گزشتہ سال فروری میں ازبکستان کے دورے کے دوران شاندار میزبانی اور استقبال آج بھی ذہن میں تازہ ہے، پاکستان اور ازبکستان کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو سلک روٹ سے جڑے ہوئے ہیں اور سمرقند اور بخارا کے ساتھ ایک گہرا تعلق اسی سلسلے کی کڑی ہے، یہ تاریخی حقائق ہمارے قریبی تعلقات اور شاندار مستقبل کے عکاس ہیں، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلیے مہمان صدر کے کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کےتعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوئے ہیں، ہم نے اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی ہے، علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے مکمل تعاون کیلیے پرعزم ہیں، ہم مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلیے مل کر کام کریں گے، زراعت  فارماسیوٹیکل، لیدر، لیدر شوز، سیاحت، آئی ٹی،ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، ہم نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون  بڑھانے کیلیے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے، دوطرف تجارت میں اضافے کا پروٹوکول انتہائی اہم سنگ میل ہے یہ یقینی طور پر ایک گیم چینجر ہوگا، ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے سہ ماہی بنیاد پر اجلاس ہوگا، پانچ سالہ پلان کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی، قریبی روابط کے ذریعے تعاون کو عملی شکل دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے، بابر پارک کے تحفے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ازبکستان بھی پاکستان کے ساتھ غزہ امن بورڈ کا رکن ہے غزہ میں امن کی بحالی اور تعمیر نو کیلیے یہ ایک اہم فورم ہے، پرامید ہیں کہ صدر ٹرمپ کی سربراہی میں غزہ میں پائیدار امن اور تعمیر نو کے لئے کامیاب ہوں گے اور دو ریاستی حل تک پہنچا جائے گا ہم نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن اور ترقی کے لیے کام کریں گے، کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل دیر پا امن کے لیے ضروری ہے۔

ازبکستان کے صدر نے خیر مقدمی کلمات پر کھڑے ہو کر وزیر اعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے کہا کہ بھرپور استقبال اور شاندار میزبانی پر وزیر اعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، انسانی زندگی میں بعض دن انتہائی تاریخی ہوتے ہیں، آج کا دن میرے لیے بہت یادگار ہے، ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور پروفیسر شپ ملا میرے لیے اعزاز ہے، جس طرح سے میری اور میرے وفد کی شاندار میزبانی ہوئی اس کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، میں نے ہدایت کی ہے کہ ازبکستان کی مائننگ یونیورسٹی میں نسٹ کی چیئر قائم کی جائے، اعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ اعزاز کے ساتھ ساتھ میرے لیے ایک ذمہ داری بھی ہے، ازبکستان کی مائننگ یونیورسٹی میں نسٹ چیئر قائم کی جائے گی۔

’دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون سے منازل طے کریں گے، تعلیمی شعبے میں اساتذہ اور طلباء کا بھی تبادلہ کیا جائے گا، پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان پاکستان دئیے جانے پر شکر گزار ہوں، یہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی اور قریبی برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، نشان پاکستان کا اعزاز میرے لیے قابل فخر لمحہ ہے، تجارت ،معیشت سیکورٹی، دفاع، سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا،مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں کو تفصیلی جائزہ لیا ہے‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے، تعمیری بات چیت کے نتیجے میں ہم نے تجارتی حجم میں اضافے کے پروٹوکول پر دستخط کیے ہیں، پاکستان ہمارا قریبی دوست اور با اعتماد شراکت دار ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین سمیت مختلف معاملات پر ازبکستان اور پاکستان مل کر آگے بڑھیں گے ،ہم متحد ہو کر اگے بڑھیں تو تمام مشکلات اور مسائل پر قابو پا سکتے ہیں، اپنے اجداد کے نام پر اسلام آباد میں بابر پارک کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرنے پر شکر گزار ہوں،بابر پارک ہماری قریبی دوستی اور مضبوط برادرانہ تعلقات کا عکاس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی امور پر مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں ،مستقبل میں بھی قریبی روابط یقینی بنائیں گے۔پاکستان کے عوام کو رمضان المبارک کی پیشگی مبارک باد دیتا ہوں۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے دو طرفہ تجارت کا حجم اگلے پانچ سال میں دو ارب ڈالر تک بڑھانے کے پروٹوکول اور مختلف شعبوں میں  تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایکشن پلان مرتب کرنے کے لئے ورکنگ گروپ قائم کرنے کی دستاویز پر دستخط کیے۔

ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے ازبکستان کے صدر کو پی ایچ ڈی کی  اعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ دینے کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے شوکت مرزائیوف کواعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ کا سرٹیفکیٹ  عطا کیا۔

spot_imgspot_img