spot_img

ذات صلة

جمع

ویڈیو : چین کی 95 منزلہ عمارت میں حیرت انگیز اور ناقابل یقین منظر

چین کے شہر گوانگژو میں قائم گوانگژو سی ٹی ایف فنانشل سینٹر جدید انجینئرنگ کا شاہکار سمجھا جاتا ہے، مگر اس عمارت کی اصل پہچان اس میں نصب وہ لفٹس ہیں جو دنیا کی تیز ترین لفٹس کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

سال 2016 میں مکمل ہونے والی یہ عمارت 530 میٹر بلند ہے۔ اس میں زمین سے اوپر 111 جبکہ زیرِ زمین 5 منزلیں موجود ہیں۔

تاہم لوگوں کی دلچسپی کا سب سے بڑا سبب وہ ایکسپریس لفٹس ہیں جو گراؤنڈ فلور سے 95ویں منزل تک کا فاصلہ محض 43 سیکنڈ میں طے کر لیتی ہیں۔

China Lifts

جاپانی کمپنی ہٹاچی نے عمارت میں مجموعی طور پر 95 لفٹس نصب کی ہیں۔ ان میں ڈبل ڈیکر، تیز رفتار اور درمیانی رفتار کی لفٹس شامل ہیں، لیکن شہرت ان دو خصوصی لفٹس کو ملی جنہوں نے رفتار کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ان لفٹس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 1200 میٹر فی منٹ ہے، جو تقریباً 72 کلومیٹر فی گھنٹہ بنتی ہے۔ اس سے پہلے تائیوان کی تائی پے 101 عمارت میں نصب لفٹ تیز ترین سمجھی جاتی تھی۔

ایسی رفتار حاصل کرنا انجینئرز کے لیے بڑا چیلنج تھا کیونکہ تیزی کے ساتھ مسافروں کا تحفظ بھی یقینی بنانا ضروری تھا۔ اسی لیے مستقل مقناطیسی موٹرز، ہلکے وزن کی ٹریکشن مشینیں اور ہوا کی مزاحمت کم کرنے کے لیے ایروڈائنامک کیبن ڈیزائن استعمال کیا گیا۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید بریکنگ نظام لگایا گیا ہے۔ خصوصی بریک پیڈز اتنی مضبوطی رکھتے ہیں کہ تیز رفتاری سے رکنے کے دوران پیدا ہونے والی تقریباً 300 ڈگری سینٹی گریڈ حرارت کو بھی برداشت کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، ایکٹیو گائیڈ رولرز ریل میں آنے والی معمولی لرزش کو فوراً محسوس کر لیتے ہیں اور نظام خودکار طریقے سے جھٹکوں کو کم کر دیتا ہے، جس سے سفر ہموار رہتا ہے۔

اتنی تیز بلندی پر پہنچتے وقت کانوں پر دباؤ پڑنا عام بات ہے، مگر ان لفٹس میں پریشرائزڈ کیبن نصب ہیں جو ہوا کے دباؤ کو بتدریج تبدیل کرتے ہیں، یوں مسافر مختصر مگر حیرت انگیز سفر کے دوران بھی آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

spot_imgspot_img