spot_img

ذات صلة

جمع

ویڈیو : آوارہ بیل بے قابو، بزرگ شہری کو اٹھا کر پٹخ دیا

بھارت میں آوارہ بیل نے تباہی مچادی، ایک بزرگ کو سینگوں پر اٹھا کر پھینک دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر لوگ بھی خوفزدہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر چھتر پور میں آوارہ بیل رہائشیوں کے لیے خطرہ بن گئے، ایک بوڑھے شہری کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔ آئے روز آوارہ بیلوں کے حملوں سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

چھتر پور شہر میں آوارہ بیلوں کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے جبکہ بلدیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ آئے دن بیلوں کے حملوں میں بزرگ اور بچے زخمی ہو رہے ہیں۔

گزشتہ روز بھی ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک بزرگ دو آوارہ بیلوں کی لڑائی کی زد میں آگئے، اس خونخوار بیل نے سڑک پر کھڑے ایک بوڑھے شہری کو اپنی سینگوں پر اٹھا کر زمین پر پھینک دیا جس سے ان کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔

یہ واقعہ چھتر پور کے سٹی کوتوالی تھانہ علاقے میں پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بزرگ اپنے گھر کے باہر سکون سے کھڑے تھے۔ اسی دوران دو آوارہ بیل وہاں سے گزر رہے تھے کہ اچانک ایک بیل نے انہیں اپنے سینگوں پر اٹھا کر زور سے زمین پر پٹخ دیا۔ یہ منظر دیکھتے ہی اہل خانہ موقع پر پہنچے اور زخمی بزرگ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق بزرگ کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر آیا ہے اور ان کی حالت نازک ہونے کے باعث سرجری کی ضرورت ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آوارہ بیلوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے روزمرہ زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، چند ماہ قبل بھی آوارہ بیل نے ایک بزرگ کو حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا، جس کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی قید ہوئی تھی۔ اس سے قبل چھتر پور بس اسٹینڈ پر ایک بیل کے پھلوں کی ریڑھی پر چڑھنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

اسی طرح چند ماہ پہلے چھتر پور سے ہی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں ایک نوجوان کو آوارہ بیل پر سوار دیکھا گیا، جس نے انتظامیہ کی لاپروائی پر سوالات کھڑے کر دیے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے، متعلقہ میونسپل کارپوریشن عہدیداران نے کہا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد آوارہ جانوروں کو پکڑنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ بیلوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، تاکہ کسی اور کی جان خطرے میں نہ پڑے۔

spot_imgspot_img