کراچی کنگز کے بیٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہم ہر شعبے میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے ہم تین میچز جیتے اور تین ہار چکے ہیں، ابھی چار میچز باقی ہیں ایک اور جیت ایونٹ میں ہمارا بھرپور کم بیک کرائے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان علی آغا نے بتایا کہ لیفٹ اور رائٹ کمبی نیشن کی وجہ سے آج اپنی بیٹنگ پوزیشن تبدیل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاور پلے میں ہم مطلوبہ مومینٹم حاصل نہیں کر سکے میرے خیال میں ہمیں اس پچ پر 170 رنز تک اسکور کرنا چاہیے تھا ہم اپنے بنائے گئے پلان پر پورا نہیں اتر سکے، پاور پلے میں وکٹیں حاصل کر لیتے تو میچ کا نتیجہ بدلا جا سکتا تھا۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے براہِ راست قومی ٹیم میں شمولیت درست نہیں، کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی پرفارم کرنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جانتا ہوں ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد میرا پی ایس ایل بھی اچھا نہیں جا رہا جب کہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے لیے ٹی20 سے آرام لینے کا سوچ سکتا ہوں، اسٹیڈیم فل ہوتا تو کھیل کا ماحول کچھ اور ہی ہوتا، قومی ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہ ہونے سے لوگ دلچسپی نہیں لے رہے۔



