spot_img

ذات صلة

جمع

وزیراعظم سے حافظ نعیم کا رابطہ، سابق سینیٹر مشتاق احمد کی وطن واپسی کیلیے اقدامات پر زور

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ٹیلیفونک رابطہ کرکے صمود فلوٹیلا کے گرفتار پاکستانی شہریوں کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، یہ جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا اہم معاملہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ مشتاق احمد کے معاملے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے حافظ نعیم الرحمان کو یقین دلایا کہ صمود فلوٹیلا سے اسرائیلی حراست میں لیے گئے پاکستانیوں بالخصوص سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی بحفاظت وطن واپسی کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔

دونوں شخصیات نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور فلسطین میں جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور قتل عام کی روک تھام پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں کی آواز بلند کی ہے۔

1967سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں۔

اسلام آباد: 8 اسلامی ممالک فلسطین میں جنگ بندی کیلئے کوششیں کررہے ہیں، پرامید ہیں کوششیں جلد رنگ لائیں گی اور فلسطینی ریاست کا خواب پورا ہوگا۔

صمود فلوٹیلا سے گرفتار پاکستانیوں کی واپسی کیلئے حکومت بھرپور کردار ادا کررہی ہے، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا نہ سفارتی تعلقات رکھتا ہے۔

پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے دوست ممالک وعالمی تنظیموں سے رابطے میں ہیں، گرفتار پاکستانیوں کوبہت جلد بحفاظت وطن واپس لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں : مشتاق احمد خان سمیت تمام پاکستانیوں کی رہائی کیلیے یورپی ملک سے رابطے میں ہیں، اسحاق ڈار

وزیراعظم اور حافظ نعیم الرحمان کے درمیان کشمیر کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کشمیر میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

spot_imgspot_img