اسلام آباد (13 مارچ 2026): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادارے کی جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کیلیے اہم پیغام جاری کر دیا۔
نادرا نے عوامی آگاہی کیلیے جعلی ویب سائٹ سے متعلق انتباہ جاری کیا، ادارے کے ویزا پورٹل کی نقل پر مبنی ایک جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی ہوئی ہے جو یہ ہے: https//www.visa.nadragov.online
ترجمان نادرا کے مطابق یہ ویب سائٹ ادارے سے منسلک نہیں ہے اور ممکن ہے کہ ذاتی معلومات یا ادائیگیوں کے حصول کیلیے استعمال کی جا رہی ہو۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا کی تمام اداروں کو وارننگ جاری
پیغام میں کہا گیا کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہ کریں اور اس پر کسی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں، ادارے کا واحد سرکاری ویزا پورٹل یہ ہے: https//visa.nadra.gov.pk
نادرا نے کہا کہ ہمیشہ یقینی بنائیں کہ نادرا کی خدمات .gov.pk پر ختم ہونے والی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی استعمال کی جائیں۔
شہریوں کیلیے ایڈوائزری جاری
دوسری جانب، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے شہریوں کیلیے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق ایک ماہ میں 9 نادرا کی طرز کی ویب سائٹس بلاک کر دیں جو شہریوں کی ذاتی معلومات چرا رہی تھیں۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ نادرا طرز کی جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا چوری کرنے کیلیے کام کر رہی تھیں۔
شہریوں کو تصدیق کیے بغیر ذاتی معلومات شیئر نہ کرنے اور مشکوک ای میل لنکس و ایس ایم ایس پر کلک نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ نادرا اور این سرٹ گمراہ کن سائبر سرگرمیوں کے خلاف سرگرم ہیں۔



