اسلام آباد : پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے سبب مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا۔
ملک میں مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
اس اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 428 روپے 74 پیسے فی لیٹر تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اس کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے باعث صارفین پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
اس سے قبل حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے حکومت خود برداشت کرے گی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کو قیمتوں کے فرق کی ادائیگی بھی حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔



