spot_img

ذات صلة

جمع

’مریم نواز کے علیمہ خان سے اچھے تعلقات ہیں، وزیر اعلیٰ نے ان کے بیٹوں کی رہائی میں کلیدی کردار ادا کیا‘

اسلام آباد (22 فروری 2026): رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے عمران خان کی ہمیشرہ علیمہ خان کے حوالے سے حیران کن انکشافات کر دیے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں شیر افضل مروت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے علیمہ خان سے اچھے تعلقات ہیں، مریم نواز نے ان کے بیٹوں کی رہائی میں کلیدی کردار ادا کیا، عمران خان کی ہمشیرہ ان سے ملاقات کیلیے مری بھی گئی تھیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹوں کے ٹرائل سول عدالت نے کیے، پنجاب حکومت نے ان کی ضمانت کے خلاف کوئی درخواست نہیں دی، ان کے بیٹے جیل میں تھے تو کھانے و دیگر سہولتیں میسر تھیں، یہ سب کچھ کروانے میں پی ٹی آئی کے ایک عہدیدار کا بڑا ہاتھ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بہنوں کی سیاست نہ ہوتی تو بانی پی ٹی آئی کو نومبر 2024 تک رہا کروا چکا ہوتا، شیر افضل مروت

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ علیمہ خان وقتاً فوقتاً مجھے شرف بخشتی رہتی ہیں، وہ 11 اپریل 2024 کو گروپ بنا رہی تھیں جبکہ انہوں نے ہوٹل میں ایک وکیل کو بھی بلایا تھا، عمران خان کی ہمیشرہ نے وکیل کو بلا کر کہا کہ ’کاغذات بناؤ چیئرمین شپ لینی ہے‘، وکیل بیرسٹر گوہر کے پاس گئے تو انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ محترمہ کا کردار فتنوں، فسادوں اور تصادم سے بھرپور ہے، آپ بتائیں محترمہ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے کیا کیا ہے؟ علیمہ خان کے پاس جتنی دولت ہے عمران خان ان کا عشر عشیر نہیں ہیں، ان کی پنجاب سمیت گلگت بلتستان میں بھی پراپرٹیاں ہیں۔

’علیمہ خان نے نمل یونیورسٹی کی بینڈ بجائی ہے۔ عمران خان نے نمل یونیورسٹی کی ڈونیشن کا چارج علیمہ خان کو دیا۔ وہ ڈونیشن کیا پیسوں کے ساتھ زہر بھی کھالیں گی۔ میں چیلنج کرتا ہوں مجھ پر کیس کریں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔‘

ان کا مزید کہا کہ علیمہ خان پر 3 کروڑ روپے تو منی لانڈرنگ کا جرمانہ ہو چکا ہے، ان کی زبان کھلتی ہے تو زہریلے الفاظ کے علاوہ کچھ نہیں بولتیں، آج جو ہم یہاں پہنچیں ہیں ان کی زبان کی وجہ سے پہنچے ہیں۔

’علیمہ خان نے گالم گلوچ بریگیڈ کو میرے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ وہ سوشل میڈیا گالم گلوچ بریگیڈ کو براہ راست کنٹرول کرتی ہیں۔ سوشل میڈیا کا اسپیشل ونگ بنا رکھا ہے جس میں خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ گالم گلوچ ونگ کے ارکان کو سبسڈی اور پیسہ دیا جاتا ہے۔‘

spot_imgspot_img